مزید خبریں

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں ، الیکشن کمیشن کا حکومت کو پیغام

اسلام آباد ،لاہور(نمائندہ جسارت ،خبر ایجنسیاں)ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں۔الیکشن کمیشن کا حکومت کوپیغام۔الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کریں گے، چیف الیکشن کمشنر کا انتباہ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے پنجاب حکومت پر واضح کیا گیا ہے کہ صوبے میں ہونے والے 20 ضمنی الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 17 جولائی کو صوبے میں 20 ضمنی الیکشن ہونے ہیں جس کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کی طرف زورو شور سے مہم جاری ہے اس دوران مختلف شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ صوبائی حکومت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے انتظامات اور سیکورٹی پر پنجاب سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب کامران افضل، آئی جی پنجاب راؤ سردار، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی رینجرز پنجاب سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے چیف سیکرٹری کے ذریعے صوبائی حکومت کو اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پر واضح کریں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ فوج داری اور الیکشن قوانین کے تحت فوری مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اگر کوئی عوامی عہدیدار ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی کرے یا پولنگ والے دن خلاف قانون عمل کرے تو ان کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ڈیوٹی انجام دینے والے افسران و اہلکاروں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا۔ پولنگ میٹریل، انتخابی عملہ کی سکیورٹی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے،آپ کا رول اہم ہے، آپ ریاست کے ملازم ہیں،بغیر سیاسی دبائو کے کام کریں۔ ہم بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اگر آپ کا کوئی افسر/ اہلکار سیاسی دباؤ میں آئے یا کسی پارٹی کا ساتھ دے فوری کمیشن کو رپورٹ کریں۔سکندر سلطان راجا نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر عوام کا اعتماد بڑھے گا تو جمہوریت و ریاست مضبوط ہوں گے۔ لاہور کے 4 حلقوں اور ملتان کے 1 حلقے کے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے حکام سے رابطے میں ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ افسران کو یہ باور کروایا کہ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام امیدواران اور سیاسوں جماعتوں کو انتخابات میں یکساں مواقع میسر ہوں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کی اہمیت وزیر اعلیٰ کے 22جولائی کو ہونے والے انتخاب کی وجہ سے اور بھی بڑھ گئی ہے اور سیاسی پارٹیوں کے کارکنان چارجڈہیں لہٰذا قانون نافذ کرنے والے ادارے انتخابات سے قبل اور انتخابا ت والے دن امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری کامران افضل اور آئی جی پنجاب راو سردار کی طرف سے صاف شفاف غیر جانبدار الیکشن کے انعقاد کی یقین دہانی کروا دی گئی۔