مزید خبریں

امید ہے حکومت قومی ائرلائن پر فوری توجہ دے گی‘ سلیم مانڈوی والا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ امید ہے حکومت فوری طور پر قومی ایئرلائن کی طرف توجہ دے گی۔قومی ایئرلائن سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والانے کہا کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے سے متعلق سامنے آنے والی خبریں پریشان کن ہیں۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ بارہ بوئنگ 777 میں سے 3 طیارے گرائونڈ کرنے کی خبریں آ رہی ہیں، ایک بوئنگ 777 کو سکریپ کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایئر ایشیا سے لیز پر لئے گئے 2 اے 320 گزشتہ ایک سال سے جکارتا میں پارک ہیں، ان طیاروں کی ایک سال لیز اور مرمت کے اخراجات بھی پی آئی اے کو برداشت کرنے پڑیں گے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چائنہ سے لیا گیا ایک اے 320 طیارہ بھی گرائونڈ کردیا گیا، ایک اے 320 طیارہ خریدنے کے بعد سکریپ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حال میں لیز پر لئے گئے دو اے 320 ایف بی آر کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں، طیاروں سے متعلق سامنے آنے والی یہ اطلاعات درست ہیں تو یہ قومی ایئرلائن کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ امید ہے حکومت فوری طور پر قومی ایئرلائن کی طرف توجہ دے گی۔