مزید خبریں

ضلعی انتظامیہ بارشوں سے قبل انتظامات مکمل کرے،الطاف میمن

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں مون سون کی بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ جس کے لیے پہلے ہی محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کے زیادہ تربرساتی نالے کچرے کی وجہ سے بند ہیں جن کی صفائی ایک طویل عرصے سے نہیں ہوئی ہے جو ایک سنگین اور پریشان کن مسئلہ ہے۔ بارشوں کے دوران تیز ہوا سے بجلی کے تاروں کا ٹوٹ کر پانی میں گرنے اور شہر میں موجود بڑے بڑے سائن بورڈز زمین بوس ہونے سے شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے پہلے بلدیہ اور واسا کو نالیوں، بڑے نالوں اور گٹروں کی اچھی طرح صفائی کرنے کی ضرورت ہے ، کھلے ہوئے مین ہولز کو بند کرنا، بجلی کی لائنوں کی مرمت، بجلی کے تار ٹوٹنے سے پانی میں کرنٹ کا آنا اور بڑے سائن بورڈز کو اتار نے جیسے ااقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو رین ایمرجنسی سینٹرز بھی قائم کرنے ہوں گے جہاں پر حیسکو، میونسپل کارپوریشن اور واسا کا عملہ 24 گھنٹے متحرک ہو اور شہریوں کو ایمرجنسی کی صورتحال سے باہر نکالا جاسکے۔ صدر چیمبر الطاف میمن نے کہا کے بارش قدرت کی طرف سے انسان کے لیے تحفہ ہے لیکن کئی دہائیوں سے حیدرآباد کے شہریوں کے لیے بارش ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور کرپشن کی وجہ سے زحمت بن جاتی ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ بارشوں سے پہلے شہر حیدرآباد کے تمام نالوں کی صفائی کی جائے اورشہر سے کچرے کے ڈھیر بھی ختم کیے جائیں۔