مزید خبریں

کورونا کیسز میں اضافہ :سرکاری دفاتر میں ہاتھ ملازنے پر پابندی

اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کرگئے ،گزشتہ 24 گھنٹے میں641نئے کیسز رپورٹ ہوئے،سرکاری دفاتر میںہاتھ ملانے پر پابندی عاید کردی گئی۔ قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ)کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 18 ہزار 813 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 641 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.41 فیصد رہی اور 2 افراد انتقال کرگئے۔قومی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا 119 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث آفس میں تمام اسٹاف کو ایس او پیز کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے جبکہ دفتر میں ماسک کا لازمی استعمال قرار دیا جائے۔ نماز کے دوران بھی سماجی فاصلے اور دفاتر میں سینٹائزر کو یقینی بنایا جائے دفتر کی انتظامیہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ تمام اسٹاف کورونا کے خلاف ویکسینیٹڈ ہو اور ایس او پیز پر عمل کریں آفس میں ہاتھ ملانے اور داخلی راستے میں تمام اسٹاف کا درجہ حرارت چیک کیا جائے جبکہ کسی بھی اسٹاف رکن کو کھانسی، نزلہ اور بخار کی علامات ظاہر ہونے پر رپورٹ کیا جائے۔ کسی بھی علامات کے ظاہر ہونے پر فوری کورونا کے تمام ٹیسٹ کرائے جائیں جبکہ جوائننگ پر اسٹاف کا کورونا پی سی آر ٹیسٹ نیگٹو ہے یا نہیں لازمی چیک کیا جائے۔ تمام اسٹاف کی بوسٹر ڈوز کو لازمی قرار دیا جائے۔ آفس میں کسی بھی مہمان کو آنے کے لیے کورونا سرٹیفکیٹ لازمی لانا ہوگا۔خیال رہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت کورونا کی چھٹی لہر کی لپیٹ میں ہے جہاں سب سے زیادہ شرح ریکارڈ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے پھیلا ئومیں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔