مزید خبریں

نوشہرہ:لاپتا بیٹے کے بوڑھے باپ کی جبری گمشدگی

اسلام آباد،فیصل آباد(صباح نیوز) جبری گمشدہ بیٹے کے کیس کی پیروی کرنے والے باپ کو جبری گمشدہ کر دیا گیا۔ڈیفنس آف ہیومن رائٹس سے جاری تفصیلات کے مطابق بابا عبدالشکور ولد عبدالمجید جن کی عمر تقریباً63سال اور محلہ گلام محمد آباد، فیصل آباد کے رہائشی ہیں،رواں برس جنوری میں ان کے بیٹے عبدالرحمن کو سعودی عرب سے جبری گمشدہ کر دیا گیا تھا اور بابا عبدالشکور اپنے بیٹے کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔ کمیشن آف انکوائری اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی کیس درج کروایا اور بیٹے کی تلاش میں بہت سے حکومتی اداروں کا دروازہ کھٹکھٹایااوراب انہیں 29 جون 2022ء کی رات کو گھر سے جبری اغواء کر لیا گیا۔ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا جنگل کا قانون ہے جہاں بزرگ شہری بھی جبری گمشدگی جیسے ظلم سے بچ نہیں سکتے۔ آمنہ مسعود نے کہاکہ واقعے میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس وغیرہ شامل ہیں۔بابا عبدالشکور کو فوری رہا نہ کیا گیا تو ہم آئی جی پنجاب ، پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی اور ایلیٹ فورس کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں کیس دائر کریں گے۔