مزید خبریں

پی ٹی آئی آزاد کشمیر حکومت تحریک آزادی کے نام پر دھبا ہے‘ اپوزیشن رہنما

مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں قائد حزب اختلاف چودھری لطیف اکبر، سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان‘ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ آزادکشمیر حکومت تحریک آزاد ی کشمیر کے نام پر دھبا ہے، سیاست دانوں کو متنازع اور بے توقیر کرنے کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں۔ سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ سابق وزرائے اعظم کی پنشن نہیں ہونی چاہیے، ہم لوگ بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں ہم کاروبار نہیں کرسکتے، ہمارے بیٹے کاروبار کریں تو بھی نا قابل قبول ہے۔ خدشہ ہے کہ اسمبلی اور سیاستدانوں کو بے توقیر کرنے کا سلسلہ اسی منصوبے کی کڑی ہے کہ جس میں آزاد کشمیر میں موجودہ نظام ہی لپیٹنے کا ارادہ تھا، سکندر حیات مرحوم کے وقت میں یہ منصوبہ منظر عام پر آیا تھا یہاں صدر ہو یا صرف وزیراعظم، عدالت عظمیٰ ختم کردی جائے اسمبلیاں محدود کر دی جائیں۔ چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دیے نہیں جاتے بلکہ ان کی سفارشات پر حکومتی ادارے ہی وہ فنڈز خرچ کرتے ہیں، سیاست دانوں کو بے توقیر اور سیاست کو متنازع کرنے کیلیے عوامی نمائندوں کے خلاف منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام ارکان کو بلاتخصیص ایک ہی حجم کے فنڈز ایلوکیٹ کیے جائیں۔