مزید خبریں

وزیراعظم کی اتحادیوں کو منانے کی درخواست ،زرداری نے قبول کرلی،اے این پی حکومت سے علیحدگی پر غور

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) عوامی نیشنل پارٹی نے وفاقی حکومتی اتحاد سے علیحدگی پر غور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق ایمل ولی خان کی زیرصدارت اے این پی کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی اتحاد کے لیے کیے گئے وعدوں اور عملدرآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی رہنماؤں نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کی تجویز دے دی ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلوں کے لیے ایمل ولی خان نے مرکزی قیادت کا اجلاس عید کے بعد طلب کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اے این پی رہنماؤں نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اختیار پارٹی سربراہ کو دیاہے۔اے این پی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کیا گیا کوئی وعدہ پورا نہ ہوسکا اور کسی بھی حکومتی فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا جارہا۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے اتحادیوں کو منانے کی درخواست کر دی۔وزیراعظم سے زرداری اور وزیر خارجہ بلاول نے ملاقات کی ۔اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، چیئرمین نیب کے تقرر اور اہم تعیناتیوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے آصف زرداری سے ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کی بھی درخواست کی اور کہا کہ ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے گئے ہیں وہ پورے ہونے چاہییں۔سابق صدمملکت نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان سے جلد نکل آئیں گے۔