مزید خبریں

۔55 ہزار 700 سے زاید عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے

مکہ مکرمہ/ اسلام آباد(صباح نیوز+ اے پی پی) فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے سرکاری اور پرائیویٹ اسکیموں کے تحت مجموعی طور پر 55 ہزار 700 سے زاید عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے، پی آئی اے نے سعودی عرب کے شہر القصیم کیلیے ملتان اور اسلام آباد سے پروازوںکا آغاز کردیا، ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے حاجیوں کی مبینہ مشکلات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیر گردش وڈیو کو مسترد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت فلائٹ آپریشن 3 جولائی کو مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے 33 ہزار 250 اور پرائیویٹ اسکیم کے 22 ہزار 457 عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، جن میں سے 16 ہزار 989 مدینہ منورہ جبکہ 4908 عازمین مکہ مکرمہ میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سے مجموعی طور پر 82 ہزار سے زاید پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئٹ کے مطابق القصیم کیلیے ملتان اور اور اسلام آباد سے ہفتے میں 2 بار پروازیں چلائی جائیں گی۔اس سلسلے کی افتتاحی پرواز جمعرات 29 جون کو ا لقصیم پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے سوشل میڈیا پر منی میں حاجیوں کی مبینہ مشکلات کے حوالے سے زیر گردش وڈیو کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی حج میں 9 دن باقی ہیں ہمارے حاجی ابھی وہاں پہنچے ہی نہیں ہیں۔