مزید خبریں

شریف حکومت نے قوم پر چوتھا پیٹرول بم گرادیا،14 روپے 85 پیسے اضافہ

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آن لائن) شریف حکومت نے قوم پر چوتھا پیٹرول بم گرادیا ۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی نئی قیمت 14روپے 85پیسے اضافے سے 248روپے 74پیسے لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 276 روپے 54 پیسے ہوگئی۔لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 226 روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 230روپے 26 پیسے ہوگئی ہے۔پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر عاید کی گئی ہے جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پیٹرولیم لیوی عاید کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12بجے سے ہوگیا ہے۔ خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزارت خزانہ سے پیٹرول پر 4 روپے 80 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 8 روپے 60 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔علاوہ ازیں حکومت نے بجلی کی قیمت مرحلہ وار بڑھا نے کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔ ذرائع کے مطابق آج یکم جولائی سے بجلی کے نرخ ساڑھے 3روپے فی یونٹ جبکہ یکم اگست سے بجلی کے نرخ مزید ساڑھے تین روپے فی یونٹ بڑھ جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر سے بجلی مزید ایک روپیہ فی یونٹ بڑھ جائے گی، بجلی کی قیمت بیک وقت 8 روپے فی یونٹ بڑھانے کے بجائے مرحلہ وار بڑھائی جائے گی۔