مزید خبریں

چینی شہریوں کا تحفظ پہلی ترجیح ہے، کراچی حملے کے ملزمان کٹہرے میں لائیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ چینی شہریوں کاتحفظ اولین ترجیح ہے، کراچی حملے کے ملزمان کٹہرے میں لائیں گے۔جمعرات کو وزیراعظم سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کیڈائریکٹر خارجہ امور کمیشن نے ملاقات کی، اس موقع پر شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد
دوست ہے، اس نے ہمیشہ ہماری حمایت کی، چین کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا، عوام کی بہبود کے مشترکہ وژن کوعملی جامہ پہنچانے کے لیے چین کے ساتھ مل کرکام کرنے کوتیار ہیں، دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون پاک چین شراکت داری کی بنیاد بن چکا ہے۔ وزیراعظم نے یانگ جی چی کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم سے چین کی سرکاری کمپنی نورنکو کے وفد نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون پاکستان کی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، سی پیک منصوبو ں کی تکمیل سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا، چینی کمپنیاں پاکستان میں قابل تجدید توانائی خاص طور پر سولر انرجی میں سرمایہ لگائیں۔