مزید خبریں

دعا زہراکو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کےلیے مہلت طلب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سے لاپتا ہونے اور بعد ازاں پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کے لیے پولیس نے مہلت مانگ لی۔دعازہراکی عمرکے تعین کے لیے سروسز اسپتال کراچی میں میڈیکل بورڈکا اجلاس ہوا جہاں دعا کے والد مہدی کاظمی وکیل کے ساتھ پہنچے۔مہدی کاظمی وکیل جبران ناصرکے ساتھ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہوئے اور دعا زہرا کی نادر ا دستاویزات اور دیگر ثبوت پیش کردیے۔ دوسری جانب ذرائع میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پولیس نے دعا زہرا کو پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی ہے۔یاد رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کی مقامی عدالت نے سیکرٹری صحت کو میڈیکل بورڈ بناکر دعا زہرا کی عمر کے تعین اور کیس کی مزید تفتیش کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کی حال ہی میں ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ یوٹیوبر ‘زنیرا’ کے ساتھ لائیو سیشن میں گفتگو کررہی ہیں۔دوران گفتگو دعا نے تمام یوٹیوبرز کے لیے پیغام دیا کہ میرے شوہر سے متعلق یہ کہنا کہ وہ کسی گینگ کا حصہ ہے، یہ سب بند کردیں، مجھے کسی کی ہمدردیوں کی ضرورت نہیں، مجھے پتا ہے کہ آپ کو میرا کتنا خیال ہے۔دعا زہرا نے ویڈیو میں کہا کہ آپ سب میرے شوہر ظہیر کی عزت کریں۔یوٹیوبر زنیرا نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی نے کمنٹ کیا ہے کہ اللہ کرے آپ کی بھی ایسی بیٹی ہو اور وہ گھر سے بھاگے۔اس کے جواب میں دعا نے کہا کہ میں اپنی بیٹی کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم رکھوں گی، اس کی دوست بن کر رہوں گی تاکہ بھاگنے کی نوبت ہی نہ آئے اور وہ جب چاہے مجھ سے ایسی باتیں شیئر کرلے۔اس کے علاوہ دعا زہرا نے اپنے والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ضد چھوڑ دیں، مجھے اور میرے شوہر کو قبول کرلیں، میں اغوا نہیں ہوئی ہوں اور یہ بات میرے والدین کو پہلے دن سے معلوم ہے۔