مزید خبریں

بے امنی کی وجہ سے وطن عزیز جل رہاہے ،چودھری سلیم گجر

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی117چودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدبلال انورنے کہا ہے کہ مہنگائی، کرپشن، سودی معیشت،بے امنی اور بے روزگاری کی وجہ سے پاکستان جل رہا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے معیشت کا سقوط ہو چکا اور ادارے برباد ہوگئے ہیں۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اس بحرانی کیفیت کی ذمے دار ہیں۔ تباہی پھیلا کر بھی حکمران جماعتیں سنجیدگی کا راستہ اپنانے سے گریزاں ہیں۔ حکمرانوں کا کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا سرے سے ہی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی نے اپنے اپنے ادوار میں مافیاز کو نوازا اور غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کیا۔ یہ لوگ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی میںدھکیلنے کے ذمے دار ہیں۔ملک ہمارا اور فیصلے واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے ہیں۔ 75سال سے مختلف نعروں پر جاگیردار، وڈیرے اور ظالم سرمایہ دار قوم کو دھوکا دے رہے ہیں۔ ایک طرف دولت کے ڈھیروں پر بیٹھی ظالم اشرافیہ اور دوسری ملک کی آدھی سے زاید آبادی بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہی ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود کاشتکار پریشان ہے۔غریب کسان کو سخت محنت کے بعد بھی اپنا حق نہیں ملتا۔آج ملک میں قانون کی حکمرانی کا تصور تک نہیں، طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون اور عدالتیں ہیں۔ موجودہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے ملک لوٹا ہے، سابق وزیراعظم موجودہ کو ذمے دار ٹھیرا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ تینوں پارٹیاں ایک دوسرے کے بارے میں سچ بول رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے دعوے کرتے تھے کہ وہ ملک کو ٹھیک کردیں گے مگر3 ماہ کے دوران حالات مزید بدتر ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے مسائل کا حل سودی معیشت اور کرپٹ سسٹم اور اس کے رکھ والوں سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ہے۔ قوم ہمارا ساتھ دے تاکہ بہتر، خوشحال اسلامی پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے جماعت اسلامی کو موقع دیا تو ہم ملک کو کرپشن فری پاکستان بنائیں گے۔