مزید خبریں

ملازمین سول ایوی ایشن اتھارٹی کی پنشن کٹوتی کا حکم معطل

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین کی پنشن سے کٹوتی کا حکم معطل کردیا ۔عدالت نے سیکرٹری سول ایوی ایشن و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ملازمین کی درخواست پر احکامات جاری کیے، عدالت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری 22 جون کے نوٹیفکیشن پر بھی حکم امتناع جاری کیا ،سول ایوی ایشن کے وکیل بیرسٹر افنان کریم کنڈی نے عدالت کو بتایا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایگزیکٹو گروپ 7 کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں کمی کر دی پنشن میں کمی کا فیصلہ سول ایوی ایشن بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کیا، پنشن کٹوتی سے سیکڑوں ریٹائرڈ ملازمین متاثر ہوئے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پنشن میں کمی اور ریکوری کا آرڈر 22 جون کو جاری کیا، پنشن میں کٹوتی کا اطلاق پرانی تاریخ مارچ 2022 سے کرنے کا کہا گیا ہے، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نئے آرڈر کے بعد ریٹائرڈ ملازم کی پنشن میں 30 ہزار روپے کی کمی کردی گئی، قانون کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں کمی نہیں کی جا سکتی، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ینشن میں کٹوتی پچھلی تاریخ سے کرنا بھی غیر قانونی ہے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔