مزید خبریں

افغانستان زلزلہ‘وزیراعظم آزاد کشمیر کی 10 کروڑ امداد کی منظوری

مظفرآباد(صباح نیوز )وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وآزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے افغانستان کے متاثرین زلزلہ کیلئے 10 کروڑ روپے کی امداد کی منظوری دیدی،امداد کے لئے آزاد کشمیر کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کی۔اس موقع پر بات چیت کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔پاکستان اور افغانستان یک جان دو قالب ہیں۔آزاد کشمیر پاکستان کی ایک اکائی ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آزاد کشمیر حکومت افغان بھائیوں کی مدد کے لئے 10 کروڑ روپے کی امداد افغانستان بھیجے گی۔امداد بھیجنے کا طریقہ کار دفتر خارجہ اور قومی سلامتی کے اداروں سے مشاورت کے ساتھ طے کیا جائے گا۔حکومت آزاد کشمیر کا نمائندہ وفد امداد لیکر افغانستان جائے گا۔افغانستان میں ذلزلے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی میں پاکستان اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔