مزید خبریں

مصنوعی اقدامات سے کشمیر کی تاریخ تبدیل نہیںہوسکتی‘سید صلاح الدین

مظفر آباد(صباح نیوز)مودی سرکار کے مصنوعی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حقیقت اور نہ جغرافیائی ہیئت تبدیل ہوسکتی ہے اور نہ عالمی برادری کی آنکھوں میں اس طرح کے اقدامات سے دھول جھونکی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین پیرسید صلاح الدین احمدنے متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ داروں کو سرمایہ کاری کے لیے سری نگر میں جمع کرنے،شارجہ سری نگر ہوائی سروسز چالو کرنے یا G.20ممالک کی مجوزہ بین الاقوامی کانفرنسیں وادی میں منعقد کرانے سے مقبوضہ ریاست بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بن سکتی۔ تاہم جہاد کونسل کے چیئرمین نے پاکستانی ارباب اختیار کو بھی مشورہ دیا کہ انہیں چاہیے کہ وہ جارحانہ سفارت کاری کے ذریعے بھارتی اقدامات کا توڑ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس میں شہدا کی بلندی درجات اورشہدا کے ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی اور اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ جدوجہد آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔