مزید خبریں

Jamaat e islami

فلسطینی نوجوان کی خوشیاں چھن گئیں ، شادی کے روز مکان مسمار

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کی خوشیاں چھین کر عین کے شادی کے موقع پر اس کا مکان مسمار کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق واقعہ ام فخم شہر میں پیش آیا۔ اسرائیلی فوج نے خوشی کے موقع پر گھر میں گھس کر خواتین اور معمر افراد پر تشددکیا ۔ اس دوران دولہے اور دیگر نوجوان نے مزاحمت کی کوشش کی ،جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ اسرائیل میں انسانی حقوق کے مرکز کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2021 ء فلسطینیوں کے لیے 2014 ء کے بعد سے سب سے زیادہ ہلاکت خیز سال تھا ، جس میں ان کے گھروں کی مسماری کی شرح بلند رہی۔ دوسری جانب مغربی کنارے میں نابلس کے شہر یتما میں یہودی آباد کاروں کے گروہ نے فلسطینیو ں کے مکانات پر حملہ کردیا،تاہم فلسطینیوں کی جوابی کارروائی کے بعد وہ بھاگ نکلے ۔ واضح رہے کہ اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں 199 بستیاں اور 220 چوکیاں قائم کر رکھی ہیں جن میں 9لاکھ 13ہزار سے زیادہ آباد کار رہتے ہیں۔