مزید خبریں

ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذمیں ہے،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے پی پی97کے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزدامیدوارعلی احمدگورایہ کے ہمراہ حلقہ مختلف دیہات میں کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذمیں ہے، باقی سب تجربات ناکام ہو گئے ہیں۔قوم کرپشن سے نجات، بے روزگاری ، سودی معیشت ، مہنگائی کے خاتمے اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور ترازاو پر مہرلگائے۔اس موقع پر مقامی راہنما انجینئرعظیم رندھاوا،میاں طاہرایوب،یاسین کاہلوں، پیر سید محفوظ گیلانی،عرفان یسین اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں موٹرسائیکل میں پٹرول ڈلوا کر اپنے بچوں کو سکول چھوڑنے کی سکت نہیں رہی۔ لوگ مہنگائی اور غربت سے تنگ، زندگی گزارنا محال ہو گیا۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈگریاں جلا رہے ہیں۔ ملک پر مافیاز کا راج، ایک طرف ایک فیصد طبقہ 99فیصد وسائل پر قابض اور دوسری جانب مجبور اور بے بس عوام بنیادی ضروریات کے لیے ترس رہے ہیں۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ سبھی سیاسی جماعتیں حکومت میں ہیں ۔ اقتدار میں ہونے کے باوجود یہ لوگ چوکوں چوراہوں میں جلسے بھی کر رہے ہیں اور رو بھی رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران سن لیں کہ قوم بیدار ہو چکی۔ سودی معیشت کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔ اللہ تعالیٰ کے احکامات سے بغاوت کریں گے تو انجام بنی اسرائیل جیسا ہو گا۔