مزید خبریں

میونخ میں مودی کی آمد پر انسانی حقوق کی تنظیموں کے مظاہرے

میونخ (رپورٹ: مطیع اللہ خان) جرمنی کے شہر میونخ میں جی سیون کے 3 روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی وہاں پہنچے تو خالصتان تحریک اور پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ جی سیون کے اجلاس میںکینیڈا، امریکا، جرمنی، اٹلی، جاپان ، برطانیہ کے سربراہان اور یورپی یونین کی نمائندہ خاتون نے شرکت کی۔ بھارت کی طرف سے وزیراعظم نریندر مودی اس اجلاس میں بطور مبصر شریک ہوئے۔ میونخ میں بھارتی اقلیتوں کی جانب سے جرمنی میں موجود انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کے خلاف جی سیون اجلاس کی مرکزی عمارت کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سکھ ،کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان، خالصتان و کشمیر سمیت دیگر جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بھارتی فوج اور بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی طاقتوں سے ان مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔