مزید خبریں

ایل پی جی کی قیمت مزید 10روپے بڑھا دی گئی

لاہور (آن لائن) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں 24 گھنٹوں کے دوران فی کلو ایل پی جی کی قیمت مزید 10روپے بڑھا دی جس سے فی کلو ایل پی جی کی قیمت بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی، گھریلوں سلنڈرکی قیمت 106 روپے فی کلو کے اضافے سے 2581 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 408روپے فی کلو کے اضافے سے 9988روپے ہوگئی جبکہ گلگت بلتستان میں فی کلو ایل پی جی کی قیمت 270 روپے تک پہنچ گئی۔ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپر ٹیکس کی آڑ میں مزید قیمتیں بڑھانے کے لیے گھٹ جوڑ کر لیا ہے اور ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی ہے۔عرفان کھوکھر نے بتایا کہ یکم جولائی 2022 سے انٹر نیشنل مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمت میں کمی ہو رہی ہے لیکن مقامی سطح پر قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں مزید 10روپے فی کلو اضافہ بلاجواز ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے، وزیراعظم اور چیئرمین اوگرا مافیا کے خلاف فوری نوٹس لیں۔