مزید خبریں

این اے245: جانچ پڑتال مکمل 31امیدواروں کے کاغذات منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے جمع کرائے گئے 31 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، اتوار کو امیدواروں کا جانچ پڑتال مکمل ہوگیا۔ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر کے مطابق کسی امیدوار کے فارم کو مسترد نہیں کیا گیا۔ جن امیدواروں کے کاغذات جانچ پڑتال میں منظور کیے گئے ان میں پی ٹی آئی کے محمود باقی مولوی، ہارون رشید، جمال الدین صدیقی اور سلیم سچوانی، ایم کیو ایم پاکستان کے شہاب امام، افشاں قنبر علی، کرن مسعود، معید انور اور حافظ محمد شہریار خان، پیپلز پارٹی کے محمد دانش خان، فرخ نیاز تنولی، قمر احمد خان اور محمد ریاض، پی ایس پی کے سید حفیظ الدین، ارشد عبدالوہرہ اور حسان صابر، ٹی ایل پی کے محمد شعیب، محمد احمد رضا اور عبدالوحید، جے یو آئی کے محمد غیاث اور امین اللہ، مسلم لیگ نون کے رائو محمد جمیل اور محمد اسد عثمانی، مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد، پاکستان مسلم الائنس کے محمد احمد خان، عام لوگ اتحاد کے عامر ضیا، اے پی ایم ایل کے سرمد صدیقی، آزاد امیدوار ڈاکٹر فاروق ستار، محسن عباس، سلامت کھوکھر اور محمد شاہ رخ شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق آج سے ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی جاسکے گی، 4 جولائی تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے، 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور 7 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جبکہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔