مزید خبریں

عالمی برادری تشدد روکنے‘ متاثرین کی بحالی کیلیے کوشش کرے، صدر علوی

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ کے درد کا احساس کرتے ہوئے، بین الاقوامی برادری اور متعلقہ اداروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ تشدد کو روکنے، متاثرین کی بحالی اور ان کو انصاف کی فراہمی کیلیے ہر ممکن کوشش کریں، تشدد انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے مگر غیر قانونی بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں اس کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے تشدد کے متاثرین کی حمایت میں عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن پر، میں اس بات کو اجاگر کرنا چاہتا ہوں کہ تمام لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور انسانی وقار بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین کسی شخص کو تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، تشدد ہر حال میں ناقابل قبول اور بلاجواز ہے۔