مزید خبریں

ٹرین مارچ ملک پر مسلط ظلم وجبر کے نظام کیخلاف طاقتور آواز ہے،لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے نائب امیر و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ملتان میں ٹرین مارچ کے شرکا اور مرکزی تربیت گاہ منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین مارچ غریب عوام کے مفادات کا ترجمان اور ملک پر مسلط ظلم و جبر کے نظام کے خلاف طاقت ورآواز ہے، 70سال سے قرآن و سنت اور آئین و قانون سے انحراف کا نظام ناکام ہو گیا ہے۔ ریاستی اداروں کا عوام پر مسلط کردہ ڈاکٹرائین فرسودہ اور عذاب بن گیا ہے۔ جماعت اسلامی استعماری قوتوں کی حاکمیت اور انسانوں پر انسانوں کی حاکمیت ختم کر کے ایک اللہ کی حاکمیت اور نظام مصطفی کا غلبہ لانا چاہتی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان کا تبدیلی، سونامی، احتساب اور انقلاب کا بیانیہ ٹھس ہوگیا، ان کی اپنی ناکامی حکومت کا خاتمہ کا باعث بنی ہے۔ بیانیہ کی تلاش میں پی ٹی آئی روزانہ کی بنیاد پر غلطی کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اتحادی حکومت پی ٹی آئی کی ناکامیوں کا کڑوا پھل ہے، اتحادی حکومت ملک میں غیر آئینی، قومی ٹیکنوکریٹس حکومت لانے کا ذریعہ بنائی جا رہی ہے۔ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کی غلامی اور اقتصادی تباہی کی بنیاد رکھی۔ اتحادی حکومت نے عوام پر مہنگائی، بے روزگاری، پیداواری لاگت میں اضافوں کے پہاڑ توڑ دیے ہیں، انتخابی قوانین، احتساب قوانین میں ترامی پہلے کی طرح یک طرفہ، بدنیتی پر مبنی ہیں۔ عوام نے مسترد کر دیا ہے بجٹ پر بجٹ ظلم در ظلم عوام کو باغی بنا رہا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خاتمہ کے فیصلے اسلامی معاشی نظام کے نفاذ کے لیے حکومت نے کوئی اقدام نہیں کیا، کوئی لائحہ عمل اور روڈ میپ نہیں دیا۔ عدالت عظمیٰ میں اسٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کی پٹیشن کے پیچھے حکومت ہے، عوام کے لیے حکومتی رویہ ناقابل برداشت ہے اور پٹیشن غیر آئینی اور اللہ اور رسولؐ سے بغاوت ہے، غلام ذہن اللہ کی غلامی کے بجائے اغیار اور استعماری قوتوں کی غلامی پر راضی ہیں۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد اور ملک بھر میں کارکنان کا کامل یکسوئی سے اعلان ہے کہ پاکستان کے بحرانوں کا علاج اسلام کی حکمرانی ہی ہے، پاکستان کی نظریاتی جغرافیائی اور ایٹمی صلاحیت کی حفاظت کی جائے گی۔ جماعت اسلامی اسلام کے معاشی نظام کے نفاذ اور اقتصادی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے سود کا خاتمہ، خود انحصاری، اپنی قوم اور ملک کے وسائل، زراعت کی طاقت اور بیرون ملک پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرے گی۔ پاکستان کو قائد، علامہ اقبالؒ اور مولانا مودودیؒ کی فکر کے مطابق اسلامی اور خوشحال بنائیں گے۔