مزید خبریں

ڈیتھ گرانٹ کا فیصلہ کیا جائے‘ شکیل احمد شیخ

نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ، سینئر نائب صدر قاسم جمال، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر ،انفارمیشن سیکرٹری محمد احسن شیخ، حیدرآباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں ڈیتھ گرانٹ کے کیسوں پر طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود فیصلہ نہ کیے جانے اور غریب بیواؤں اور یتیم بچوں کو طویل عرصہ تک حق سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال محکمہ محنت سندھ کے اعلیٰ
حکام کی غریب دشمنی اور بے حسی کی عکاس ہے۔ مزدور رہنمائوں نے کہا کہ اس محکمہ کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہو ا ہے۔ اس کے اعلیٰ حکام اور اہلکاروں نے خو د غرضی، مفاد پرستی کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔ غریب بیواؤں اور یتیم بچوں کو بار بار دفتر کے چکر کٹوانا معمول بن گیا ہے۔ اعلیٰ حکام کی متعدد مرتبہ توجہ اس جانب مبذول کرائی جا چکی ہے لیکن بے حس افسران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی نہ ہی انہیں غریب بے سہارا بوڑھوں اور بیوائوں کی حالت پر رحم آتا ہے۔ غریبوں کو جو کچھ بھی دیا جاتا ہے وہ یا تو ان ہی محنت کشوں سے وصول کردہ چندہ میں سے ہوتا ہے یا پھر سرمایہ کار اور صنعتکاروں سے مختلف ٹیکسوں کے نام پر وصول کیا
جاتا ہے۔ ان میں سے بھی یہ بے حس افسران اپنی تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں۔ ان رہنمائوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر متعلقہ حکام اور اہلکاروں نے اپنا قبلہ فوری درست نا کیا اور ڈیتھ گرانٹ کے کیسوں میں جلد ادائیگی نہ کی تو NLFہر سطح پر آواز اٹھائے گی اور راست اقدام سے بھی گریز نہیں کرے گی۔