مزید خبریں

مزدور کو زندہ رہنے دیں‘ ظفر خان

امین اسٹیل رولنگ کے حادثے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ یہ بات این ایل ایف پاکستان کے سینئر نائب صدر ظفر خان نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیکٹری جو اسٹیل ٹائون کے قریب واقع ہے نہ تو اس کا کوئی بورڈ نام کے حوالے سے موجود ہے، نہ ہی یہاں کوئی سیفٹی کے حوالے سے ملازمین کا خیال نہیں رکھا گیا ہے، نہ ہی یہ مزدور کسی جگہ اور ادارے میں رجسٹرڈ ہیں۔ بھٹیوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو نہ ہی کوئی حفاظتی آلات اور نہ ہی کوئی طبی امدادی سہولیات حاصل ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی بھرتی لیٹر ہے اور یہ فیکٹری بھی رجسٹرڈ نہیں ہے۔ مشینری اور آلات خستہ حال ہیں اور یہ معاملہ صرف امین اسٹیل ہی کا
نہیں بلکہ انڈسٹریل ایریاز میں قائم بہت سے کارخانوں کا یہی حال ہے، اس کے باوجود انسپکشن کے نام پر صرف کاغذی کارروائی ہورہی ہے اس سے پہلے نارتھ کراچی انڈسٹری ایریا میں بھی کئی مزدور لقمہ اجل بن چکے ہیں، لہٰذا آئے روز کے ان حادثات کی روک تھام اور غریب محنت کشوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ کارخانوں کی انسپکشن کے نظام کو موثر بنایا جائے اور حادثہ کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔