مزید خبریں

پیسکو یونین مزدوروں کی فلاح کے لیے کام کرے گی‘ طلا محمد

نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کی صوبائی عاملہ کا سہ ماہی اجلاس المر کز اسلامی جی ٹی روڈ پشاور میں منعقد ہوا جس میں مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان شمس الرحمان سواتی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی صدر این ایل ایف طلا محمد ، صوبائی نائب صدر رحمت اللہ ، ضلع پشاور کے صدر شاہ مجبور، ضلع دیر کے صدر محمد نگین، صوبائی چیف آرگنائزر این ایل ایف، حیات آباد انڈسٹریل زون کے صدر محمد ولی، سیکرٹری عبدالقیوم اور جی سی ڈویژن پیسکو پیغام یونین کے سابقہ چیئرمین میر سردار آفریدی نے شرکت کی۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت کا شرف رحمت اللہ نے حاصل کی۔ اپنے افتتاحی خطاب میں مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے اجلاس کے شرکا کا شکریہ ۱دا کیا کہ مختصر نوٹس پر انہوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے اغراض و مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی صدر نے کہا کہ خطے کا مزدور محنت کش آج جس کسمپرسی اور بے بسی کی زندگی گزاررہا ہے۔ اس کی مثال تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔ این ایل ایف کا منشور پاکستان کا خوشحال مزدور ہے۔ موجودہ حکومت نے مزدور محنت کش کے لیے کچھ نہیں کیا۔ پاکستان کے آئین میں دیے گئے حقوق کا نام و نشان تک نہیں۔ مزدور کی خوشحالی صرف تقریروں اور کتابوں میں رہ گئی ہے۔ عملی طور پر کوئی کام نہیں۔ واپڈا / پیسکو میں یونین سازی کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی صدر نے کہا کہ واپڈا/ پیسکوکے ملازمین ہائیڈرو اور پیغام دونوں سے نالاں ہیں۔ ان کو نئی قیادت چاہیے۔ ہمارا مقصد ان ملازمین کو نیک اور صالح قیادت دلانا ہے جس کے لیے بھر پور جدوجہد کی اشد ضرورت ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع پشاور کے صدر شاہ مجبور نے مرکزی صدر اور مہمان خصوصی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ مجبور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پیسکو میں انفرادی طور پر ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔ اگر چہ ہمارے پاس اس وقت کوئی پلیٹ فارم نہیں۔ انہوں نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے پرانے ساتھیوں کو آن بورڈ لینا چاہیے۔ واپڈا / پیسکو میں ارکان جماعت کے ساتھ خصوصی ملا قاتیں کر کے ان کو اس دھارے میں شامل کر کے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔محمد نگین خان صدر نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع دیر نے تمام شرکا اجلاس اور مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ مرکزی صدر ہر موقع پر ہماری حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتے ہیں۔ اپنے خطاب میں محمد نگین نے کہا کہ ہم تو جماعت اسلامی کے کارکن ہیں اور جماعت کے منشور اور پروگرام پر عمل کرتے ہوے ہر وقت تیار ہیں۔ اس وقت پیسکو ملازم کو کافی مسائل درپیش ہے جس کے حل کے لیے ایک باقاعدہ فورم کی اشد ضرورت ہے۔ جس میں نیک اور صالح لوگ شامل ہوں جو ملک میں اسلامی احیا کے لیے کام کر سکیں۔ رحمت اللہ صوبائی نائب صدر نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا نے کہا کہ
الحمد اللہ ہم سب تحریک اسلامی کے کارکنان ہیں اور اس ملک میں اسلامی انقلاب کے داعی ہیں۔ ہم اپنے امیر سراج الحق کے وژن پر کام کریں گے اور اسلامی پاکستان کے قیام کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ طلا محمد صوبائی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا نے کہا کہ تقریباً تمام ساتھیوں نے تفصیل سے بات کی ہے اور تمام ساتھیوں کی قیمتی آرا ہمارے سامنے ہیں۔ طلا محمد نے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پشاور آئے اور ہمارے ساتھ بیٹھ کر اس اہم موضوع پر مشاورت کی۔ اس موقع پر مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے پیسکو کے ذمہ دار ملازمین کو اکٹھا کرنے کے لیے ایک کنونشن کا مشورہ دیا جس پر تفصیل سے بحث ہوئی
اور یہ طے پایا کی جولائی کے مہینے میں عید کے فوراً بعد ایک عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا جائے گا جس میں پیسکو ملازمین شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا محترم پروفیسر محمد ابراہیم خان خصوصی شرکت کریں گے۔ اجلاس کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ دعا رحمت اللہ نے کرائی۔