مزید خبریں

سفارتخانہ پاکستان ویلفیئرونگ آفیسرخلیل احمد کا ارشد تبسم کوخراج تحسین

سفارتخانہ پاکستان ریاض کے ویلفیئر ونگ کے آفیسر خلیل احمد نے کہا کہ ارشد تبسم جس لگن محنت اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی رضاکارانہ طور پر بے لوث خدمات سر انجام دے کر ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اس پر ہم ان کو خراج تحسین کرتے ہیں ۔ وہ سعودی عرب میں معروف سماجی شخصیت ارشد تبسم کی جانب سے ریاض کے مقامی ہوٹل میں پاک اوورسیز کمیونٹی کی متعدد فیملیز کے اعزاز میں دیئے گئے پرتکلف دعوت عشائیہ میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں دیگر معززین پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے مرکزی چئیرمین عابد شمعون چاند ، صدر وسیم خان سمیت ملک انصر حمید ، ملک عرفان علی اور عدنان ساہی کی فیملیز نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی خلیل احمد نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو دیار غیر میں رہ کر پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔
تقریب کے میزبان ارشد تبسم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرب دیس میں مقیم ہوتے ہوئے بھی دل پاکستان کیلئے دھڑکتا محسوس ہوتا ہے اور ایک تارکین وطن کے ساتھ پاکستان میں کئی افراد کی خوشیاں و رزق وابستہ ہوچکا ہوتا ہے۔ پردیس میں مقیم مختلف طبقوں کے حامل افراد ایک فیملی کی طرح منسلک ہوچکے ہوتے ہیں یہ سب ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوتے ہیں۔ میزبان ارشد تبسم نے مزید کہا کہ دیار غیر میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت میرا سرمایہ حیات ہے میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ کمیونٹی مسائل کو ترجیح اور قانونی طریقہ کار سے حل کروایا جائے جس میں سفارتخانہ پاکستان کے تمام آفسران نے ہمیشہ بھر پور تعاون کیا ہے جس کے لیے میں سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت سفارتخانہ پاکستان کے تمام آفسران کا ممنون ہوں جن کی خصوصی توجہ سے کمیونٹی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملتی رہتی ہے ۔ معزز شرکاء تقریب نے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کرکے فردا فردا ارشدتبسم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ آخر میں پاک سعودی دوستی کی مضبوطی اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کے بعد تقریب اختتام پذیر ہوئی۔