مزید خبریں

سری لنکا کیخلاف سیریز ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ کا آغاز

راولپنڈی(جسار ت نیوز)سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم کا ٹریننگ کیمپ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم ،راولپنڈی میں شروع ہو گیا، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ انجری سے نجات پانے والے یاسر شاہ نے بھی نیٹ سیشن میں حصہ لیا۔کپتان بابراعظم، امام الحق،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، محمد نواز، سلمان علی آغا،سعود شکیل،سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نسیم شاہ،حارث رئوف، یاسر شاہ اور نعمان علی شامل ہیں۔بیرون ملک مقیم مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم(آج)پیرکو جوائن کریں گے، کائونٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف نائب کپتان محمد رضوان، اظہر علی اور شان مسعود تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کر رہے، یہ تمام کھلاڑی سری لنکا روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کو لاہور میں جوائن کریں گے، اسلام آباد رپورٹ کرنے والے کرکٹرز اتوار کی صبح 10سے دوپہر 2بجے تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی ۔پہلا 2روزہ وارم اپ میچ(آج) پیر کی صبح 9بجے شروع ہوگا،دوسرے روز بھی کھلاڑی شام 6بجے تک میچ پریکٹس کے موقع کا فائدہ اٹھائیں گے،29جون آرام کا دن ہوگا، اگلے روز دوسرے وارم اپ میچ کے پہلے روز کا کھیل 9بجے شروع ہوگا،یکم جولائی کو میچ کا دوسرا روز ہوگا، سری لنکن کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے پنڈی اسٹیڈیم میں خصوصی طور پر اسپن ٹریکس تیار کیے گئے ہیں،میزبان اسپنرز کا توڑتلاش کرنے کیلئے خصوصی مشقیں ہوں گی۔ راولپنڈی میں 7روزہ کیمپ کے دوران ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی معاونت سے اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابھی تک 55ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں پاکستان نے 20اورسری لنکا نے 16جیتے، 19 میچز ڈرا ہوئے۔سری لنکا میں پاکستان نے 23میچز میں 8فتوحات حاصل کیں،7میں شکست ہوئی، 8مقابلے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔