مزید خبریں

کھیل امن اور مفاہمت کا اہم ذریعہ ہے ، جہانگیر خان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)دنیائے اسکواش کے عظیم کھلاڑی اورسابق ورلڈ چمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے اولمپک تحریک سے نہ صرف مختلف قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پرلایا جاسکتا ہے بلکہ صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور کھیل کو وسیع پیمانے پر فروغ بھی دیا جا سکتا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اولمپک ڈے کی تقریبات کے دوسرے مرحلے میں پا کستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے تحت منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پیرا اولمپک کے اسپیشل بچوں سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں جہانگیرخان کامزید کہنا تھا کہ شجرکاری اولمپک موومنٹ اور اقوام متحدہ کے چارٹرڈ میں شامل ہے جس کا مقصد کھیلوں کے میدان سے شجرکاری کے پیغام کوعام کرنا ہے اولمپک ڈے کی تقریبات میں اسپیشل بچوں کی شمولیت پر پی او انوائرمنٹ کمیشن کے چیئرمین کرنل (ر) وسیم جنجوعہ اور ممبر تہمینہ آصف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ اسپیشل بچے بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصّہ ہیں اللہ تعالیٰ نے ان میں بھی بے پناہ صلاحیتیں پنہاں کیں ہیں ان بچوں نے کھیل کے میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھا تے ہوئے پاکستان کا نام دنیا بھرمیں روشن کیاہے خصوصا اسپیشل اولمپکس میں گولڈ میڈلز جیت کر دنیا بھرمیں پاکستان کا وقار سربلند کرنے اور پہاڑوں سے بلند حوصلے رکھنے والے ہمارے قومی ہیروز نے یہ ثابت کردیا کہ ان مین صلاحیتیں کسی طور پر بھی دوسروں سے کم نہیں آج ان بچوں کے ساتھ اولمپک ڈے کی تقریب میں شریک ہوکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔