مزید خبریں

پیٹرول کی قیمتوں سے بلدیہ کے انتظامی کام بھی متاثر ہوئے ہیں،فاخر شاکر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد فاخر شاکر نے کہا ہے کہ بلدیہ کے فنانشل ایشوز جینیئن ایشوز ہیں اخراجات اِس کے ریونیو سے بہت زیادہ ہیں، پیٹرول کی قیمتوں نے بلدیہ کے انتظامی کاموں کو بھی متاثر کیا ہے۔ 15 سال سے کوئی نئی مشینری نہیں خریدی گئی لیکن اَب نئی گاڑیاں منگوائی جارہی ہیں چند مہینوں میں شہر کی صفائی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ صرف بلدیہ ایسا ادارہ ہے جو عوام کو تمام سہولیات بنا معاوضہ دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بلدیہ میں اسٹاف کی شدید کمی ہے 1990 میں 2800 سینیٹری ورکرز تھے جو اَب صرف 1200 رہ گئے ہیں۔ اگر حکومت سے بجٹ ملے تو 3 ماہ میں پورا حیدرآباد روشن ہوجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ چیمبر کی دی گئی سفارشات پر چیمبر کے لوگوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ برسات اور عیدالالضحیٰ پر خصوصی انتظامات کیے ہیں شہریوں اور تاجروں کو کوئی شکایت نہیں رہے گی۔ وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے تاجروں سے خطاب کررہے تھے۔ صدر چیمبر محمد الطاف میمن کی جانب سے پرانی سبزی منڈی حالی روڈ پر مویشی منڈی لگانے کے سوال پر اُنہوں نے کہا کہ بلدیہ نے ایسی کوئی منڈی کی اجازت نہیں دی اور نہ اتنے شارٹ نوٹس پر دے سکتی ہے اگر وہاں پر منڈی لگائی جارہی ہے تو وہ غلط لگائی جارہی ہے۔ اِس سے قبل صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے فاخر شاکر کو ایڈمنسٹریٹر کے عہدے پر فائز ہونے کی مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی کاوشوں سے لطیف آباد یونٹ نمبر 6 میں نیا پارکنگ زون قائم کیا گیا ہے جو ایک بہترین اقدام ہے۔ اِسی طرز پر پارکنگ زون حیدرآباد سٹی میں بھی بنائے جائیں اور جو پہلے سے موجود ہیں اُنہیں مکمل طور پر فعال کیا جائے۔ الطاف میمن نے کہا کہ شہر میں بیشتر جگہوں پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قائم ہیں جو پرائیوٹ لوگوں کی سرپرستی میں چلائے جارہے ہیں اُن میں SRTC موبائل مارکیٹ، کوہِ نور چوک ، صحت اسپتال، لطیف آباد نمبر 6 ، لطیف آباد نمبر 8 ، تلک چاڑی، آٹو بھان روڈ اور دیگر جگہیں شامل ہیں اِن جگہوں سے غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کو ختم کیا جائے۔ کنونیئر سب کمیٹی بلدیاتی اَمور ڈاکٹر عبدالجبار راجپوت نے شہر میں صحت و صفائی کا فقدان، تجاوزات، اسٹریٹ لائٹ، بلدیہ کے پاس سلاٹر ہائوس کی موجودگی، گلیاں اور نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور دیگر مطالبات اپنے سپاسنامہ میں پیش کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ خاص طور پر عیدالالضحیٰ کی آمد ہے اور رات کو شہر تقریباً مویشی منڈی کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔ جبکہ بلدیہ کی جانب سے دو جگہیں مختص کی گئیں ہیں۔ اِن غیر قانونی منڈیوں کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے اِن منڈیوں کو بلدیہ کی مختص کی گئی جگہوں پر ٹرانسفر کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہوسکے۔