مزید خبریں

واجبات کی عدم ادائیگی پر ریٹائرڈ ملازمین کی خودکشی کی کوشش

سکھر( نمائندہ جسارت)پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو نے بعد از ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی پر ریٹائر ملازم کے تیسری منزل سے چھلانگ لگانے کے افسوسناک واقعے پر افسوس و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم جولائی 2020ء سے لیکر اب تک جتنے بھی ریلوے ملازم ریٹائر ہوچکے ہیں یا دوران ملازمت وفات پا چکے ہے ان کے واجبات کی فی الفور ادائیگیاں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر خود کشی کی کوشش کا واقعہ نہایت افسوسنا ک او ر ریلوے انتظامیہ کیلیے قابل توجہ طلب ہے، ریٹائرڈ ملازمین واجبات کی عدم وصولی کے باعث نہایت کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور نوبت مجبور ہو کرخودکشی تک آن پہنچی ہے، ریلوے ان ضعیف العمر ریٹائرڈ پنشنرزکے حال پر رحم کھائے اور ان کے واجبات کی فوری ادائیگیوں کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خود کشی کی کوشش میں زخمی ریٹائرڈ ملازم کے اسپتال علاج و معالجہ کے اخراجات ریلوے انتظامیہ ادا کرے۔واضح رہے کہ از ریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی پر ریٹائر ملازم نے ہیڈ کوارٹر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی جس پر دونوں ٹانگیں موقع پر ٹوٹ گئیں اور شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاںحالت نہایت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔