مزید خبریں

سودی اورعوام دشمن بجٹ مسترد کرتے ہیں ،عمرفاروق

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چوہدری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہ سودی اور عوام دشمن بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکمرانوں کے آئی ایم ایف نواز اقدامات پر پورے ملک میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر احتجاج کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں تعلیم، صحت، ترقیاتی کاموں سمیت عوامی فلاح و بہبود کے ہر سیکٹر کے لیے نہ ہونے کے برابر رقم رکھی گئی، پہاڑ جتنا اضافہ سودی قرضوں کی ادائیگی کے لیے ہوا۔ عوام توقع کررہے تھے کہ گزشتہ بجٹ کے مقابلے میں اس بجٹ کا والیم ایک ہزار ارب سے زیادہ ہے تو شاید حکومت غریبوں کی بہتری کے لیے کوئی اعلان کرے، قوم کی ساری امیدیں خاک ہو گئیں۔ پی ٹی آئی کوئی تبدیلی لائی نہ ان حکمرانوں سے عوام کی کوئی بھلائی ہوئی ہے۔ حکومت میں آئی ایم ایف اور امریکا کے ایجنٹ بیٹھے ہیں۔ حکمران کبھی سعودی عرب، یو اے ای اور کبھی چین بھیک مانگنے کے لیے جاتے ہیںاور واپسی پر قوم کو خوش خبریاں سنانا شروع کر دیتے ہیں۔ پاکستانی عوام خوددار ہیں، حکمرانوںنے انھیں عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنایا۔ پی ڈی ایم اور پی پی پی کی اتحادی حکومت نے سودی بجٹ دے کر اللہ اور اس کے رسولؐ سے جنگ کا اعلان کر دیا۔ یہ کیسے مسلمان حکمران ہیں جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہی جنگ لڑ رہے ہیں؟ جماعت اسلامی اللہ کے ساتھ جنگ کرنے والوں سے جنگ کرے گی۔ حکمران جماعتیں ایک دوسرے پر گند ڈالنے کا الزام لگا کر عوام کو بے وقوف بناتے ہیں، یہ کھیل برسہابرس سے جاری ہے، اب یہ تماشا بند ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی ملک میں پرامن، اسلامی اور جمہوری انقلاب لائے گی اور جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں سے قوم کو نجات دلائے گی۔