مزید خبریں

یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیا کی خریداری سے متعلق کئی شرائط ختم

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کے پیش نظر یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کے لیے استعمال ہونے والا (او ٹی پی) ون ٹائم پاس ورڈ سسٹم اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کی شرط ختم کر دیا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان کاکہنا ہے کہ اب یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ اشیا کی خریداری کے لیے اصل شناختی کارڈ کائونٹر پر دکھانا ہوگا ، فوٹو کاپی کی شرط ختم ہوگئی ہے۔ خریداری کے بعد کسٹمر کے رجسٹرڈ موبائل نمبر پر تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اصل مستحقین تک وفاقی حکومت کی سبسڈی شفاف انداز سے منتقل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ حکام کے مطابق تمام زونل منیجرز کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کے لیے واٹر کولر، ٹینٹ، کرسیاں اور پنکھے کی فراہمی کے لیے پنجاب کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور آئی سی ٹی سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر وفاقی حکومت کی سبسڈی کے تحت چینی 70 روپے فی کلو، گھی 300روپے فی کلو جبکہ آٹے کا 10 کلو تھیلا 400 روپے میں دستیاب ہے۔ چاول اور دالوں پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے۔اسکے علاوہ 1500سے زاید معیاری اشیا بھی عام مارکیٹ کی نسبت بہت کم قیمت پر دستیاب ہیں۔