مزید خبریں

پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات بجٹ منظوری کے بعد ہونگے

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات اب بجٹ کی منظوری کے بعد ہوں گے جس میں قرض معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے جبکہ آئی ایم ایف میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی فریم ورک 2 روز میں پاکستان کو دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے مذاکرات بجٹ منظوری کے بعد 28 جون کو ہوں گے، جس کے بعد قرض کے معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے،پاکستان کی طرف سے وزیرخزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک دستخط کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کرنے کی درخواست کی ہے اور آئی ایم ایف سے قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع بھی مانگی ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ پروگرام 2023ء کے بجائے 2024ء تک چلے۔ ذرائع نے بتایاکہ اگلے مالی سال بجٹ کا حجم تقریبا 10 ہزار ارب روپے ہوجائے گا، پیٹرولیم مصنوعات پر 11 فیصد سیلز ٹیکس یکم جولائی سے وصول کیا جائے گا اور پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔