مزید خبریں

پیپلزپارٹی نے دھاندلی کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا،قوم پرست رہنما

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) قوم پرست رہنمائوںنے بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا ذمے دار پیپلزپارٹی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی اور پولیس نے مخالفین کے خلاف دہشت گردی کی دھاندلی کے نئے ریکارڈ بنائے ،پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے پہلے ہی کرپٹ افسران کو ڈی آر اوز اور آر اوز مقرر کیا، پریزائیڈنگ افسران کی دھاندلی میں سہولت کاری ثابت ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں خون خرابے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور سینکڑوں افرادکے زخمی ہونے کے واقعات پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان واقعات کی ذمے دار سندھ حکومت ہے ۔ سندھ حکومت کے سہولت کاروں نے پولنگ اسٹیشنوں پر خوف کا ماحول پیدا کیا جس کا مقصد من پسند نتائج حاصل کرنا تھا۔ انہوںنے کہاکہ انتخابی عمل کو سندھ حکومت نے کنٹرول کیا ہوا تھا انتظامیہ ان کی مرضی کے مطابق کام کررہی تھی ان کے آشیر باد سے پی پی کے کارندوں نے پولنگ اسٹیشن پر ماحول خراب کیا ان انتخابات کو کسی طور پر بھی شفاف نہیں کہا جاسکتا ۔ دوسری جانب قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی اور پولیس نے مخالفین کے خلاف دہشت گردی کی ،دھاندلی کے نئے ریکارڈ بنائے گئے پیپلزپارٹی 15سال سے سندھ کے اقتدار پر قابض ہوکر وسائل کی لوٹ مار کررہی ہے۔ سندھ کے عوام کو بھوک وافلاس ،بے روز گاری ومہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوںنے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار کو کاروبار بنالیا ہے ،کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی دولت سے اقتدار بچایاجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک مرتبہ پھی شفاف انتخاب ہوئے تو کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیں گے ۔