مزید خبریں

روس کا ایٹمی ہتھیار بیلا روس بھیجنے کا اعلان ۔ یوکرین کے اہم شہر پر قبضہ

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے ایٹمی ہتھیار بیلا روس بھیجنے کا اعلان کردیا جبکہ روس کی فوج نے یوکرین کے اہم شہر پر بھی قبضہ کرلیا۔ صدر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس جوہری صلاحیت کے حامل مختصر فاصلے تک مار کرنے والا میزائل نظام آنے والے مہینوں میں اپنے اتحادی بیلا روس کو فراہم کرے گا‘ اسکندر-ایم نظام ‘بیلسٹک اور کروز میزائل فائر کرنے صلاحیت رکھتا ہے چاہے وہ روایتی ہو یا جوہری‘ یہ سسٹم 500 کلو میٹرز تک میزائل مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ سینٹ پیٹرزبرگ میں بیلاروسی صدر سے ملاقات کے دوران صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس بیلاروس کے ایس یو 25 جنگی طیاروں کو جدید بنانے میں مدد کرے گا تاکہ وہ بھی جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھیں۔ ہفتے کو یوکرین نے اعلان کیا کہ روسی فوج نے ہفتوں کی شدید لڑائی کے بعد اہم مشرقی شہر سیوردونیتسک پر مکمل طور پر قبضہ کر لیا ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ جنگ جذباتی طور پر مشکل مرحلے میں داخل ہو گئی اور وہ نہیں جانتے کہ انہیں مزید کتنے دھچکے اور نقصانات اٹھانے پڑیں گے۔ روس نے یوکرین کے شمال اور مغربی علاقوں میں میزائلوں کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اس دوران3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو سکی ہے۔ اتوار کی صبح کیو کے میئر کے مطابق شہر میں متعدد دھماکے رپورٹ ہوئے ہیں۔