مزید خبریں

لاہور:سوئمنگ پول کی دیوار گر گئی‘ 3بچے جاں بحق ‘3 زخمی

لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقہ بادامی باغ کھوکھر گائوں میں سوئمنگ پول کی خستہ حال دیوار گرنے سے 3بچے جاں بحق جبکہ3 زخمی ہو گئے ،واقعہ کے بعد سوئمنگ پول کی انتظامیہ موقع سے فرار ہو گئی ،وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے دیوار گرنے سے بچوںکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ کے علاقہ کھوکھر گائوںمیں سوئمنگ پول بنایا گیا تھا جہاں پر نہانے کے 100سے150روپے وصول کئے جاتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے دھوپ سے بچنے کے لئے سوئمنگ پول کے گرد واقعہ خستہ حال دیوار سے کپڑا باندھ رکھا تھا لیکن بوسیدہ دیوار اچانک گر گئی جس سے ثقلین ،حمزہ، عبدالباسط ، اظہر اور دلاور سمیت 6بچے زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ 2بچوں کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ 4بچوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین بچے ثقلین ، دلاور اور اظہر دوران علاج چل بسے جبکہ چوتھے بچے کی حالت بھی تشویشناک ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔ بتایا گیا ہے کہ واقعہ کے بعد سوئمنگ پول کی انتظامیہ موقع سے فرار ہو گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔