مزید خبریں

شمالی وزیرستان: 7 دہشت گرد ہلاک‘ پاک فوج کے 2 جوان شہید

 

شمالی وزیرستان+خیبر(مانیٹر نگ ڈ یسک ) سیکورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کیلی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس
پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔مزید بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پارا چنار کے رہائشی 44 سالہ صوبیدار منیر حسین اور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے رہائشی 38 سالہ حوالدار بابو خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔مزید بتایا گیا کہ علاقے میں کسی بھی مزید دہشت گرد کی سرکوبی کے لیے کلیئرنس کا عمل جا ری ہے۔علاوہ ازیں وادی تیراہ میںسیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ایک پرانے ٹھکانے سے بارود اور اسلحہ برآمد کرلیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کے علاقے حیدر ویخ میں سرچ آپریشن کے دوران بارود اور اسلحہ قبضہ میں لے لیا جو دہشت گردوں کے ایک پرانے ٹھکانے سے برآمد کیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق قبضے میں لیے جانے والے سازو سامان میں 4 کلوگرام بارود، 5 عدد دیسی ساختہ بم اور 18 عدد دستی بم شامل ہیں جبکہ 2 عدد مشین گن اور سیکڑوں کی تعداد میں کارتوس بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔