مزید خبریں

وزیر اعظم کا نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور(نمائندہ جسارت) نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اتواروزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع ہر حال میں یقینی بنائیں گے، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔ شہباز شریف نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو عوام کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ان کاکہنا تھاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی سے ہی بدل سکتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے تک ہم ملک کر جدوجہد کرتے رہیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال پر مشاورت کے لیے اتحادیوں کو آج پیر کومدعو کرلیا۔وزیر اعظم حکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیںگے اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کریں گے۔وزیراعظم حکومت کی اتحادی جماعتوں سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے پر مشاورت سمیت مہنگائی کے خاتمے کے لیے ارکان اسمبلی سے تجاویز لیں گے۔