مزید خبریں

مونس الہیٰ کیخلاف تحقیقات میں نواز چپراسی کے نام پر 32 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف

لاہور(نمائندہ جسارت) سابق وفاقی وزیر چودھرری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے شریک ملزم محمد نواز بھٹی چپراسی کے 32 بینک اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں جواب جمع کروا دیا۔ چودھری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ محمد نواز بھٹی چپراسی کے 32 بینک اکاؤنٹس ہیں،نواز بھٹی سے متعلق ایف آئی اے کے سوالات پر مونس الٰہی نے جواب دیا وہ نواز چپراسی کو جانتے تک نہیں جب کہ نواز بھٹی کے شیئرز سے متعلق بھی نفی میں جواب آیا۔مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ عمر شہریار نامی شخص کاروباری شخصیت کا مالک ہے جبکہ ان کے بھائی نے انہیں کروڑوں روپے مالیت کے شیئرز تحفے میں دیے ،ایکس کیپٹل لمیٹڈ کے ذریعے 16.2 فیصد شیئرز حاصل کیے جبکہ18.63 فیصد شیئرز انویسٹ کر کے ’’ایم ای کیپٹل لمیٹڈ‘‘ کے ذریعے لیے۔انہوں نے جواب میں مزید کہا کہ’ ’آر وائے کے‘‘ گروپ بنانے میں کوئی کردار نہیں البتہ عمر شہریار سے کاروباری تعلق ہے، ایف بی آر میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں سب کچھ واضح کر دیا ہے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 24ارب روپے کی منی لانڈرگ کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے مونس الٰہی سے 33 سوالات کے جوابات مانگے تھے۔