مزید خبریں

تحریک انصاف نے نئی نیب ترامیم کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا

اسلام آباد (آئی این پی/آن لا ئن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے نیب قانون میں حالیہ ترامیم کیخلاف عدالت عظمیٰمیں اپیل دائر کر دی۔تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے کی گئی نئی نیب ترامیم کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔ نیب ترامیم کیخلاف درخواست چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے دائر کی گئی۔ جس میں وفاق اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔خواجہ حارث کے توسط سے دائر نیب ترامیم کیخلاف آرٹیکل 184/3 کی درخواست تیار کی گئی۔ درخواست میں نیب قوانین میں ترامیم کو خلافِ آئین قرار دیکر فوری طور پر کالعدم قرار دینے اختیارات سے تجاوز کو جائز قرار دینے کی کوشش ناکام بنانے کی بھی استدعا کی گئی ہے ،درخواست میں بے نامی کی تعریف میں ردوبدل سے احتساب کی ہیئت بدلنے کا معاملہ دیکھنے کی بھی گزارش ہے جبکہ نیب میں زیر التواء 1200 میں سے 1100 ارب کے مقدمات کو نیب کے دائرہ کار سے نکالنے کی کوششوں پر بھی فوری قدغن لگانے کی درخواست کی گئی ہے ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نیب قانون کے سیکشن 2،4،5، 6،25، 26 14،15، 21، 23 میں کی ترامیم بھی آئین کے منافی ہیں۔ نیب قانون میں یہ ترامیم آئین کے آرٹیکل 9، 14، 19اے, 24, 25 کے بنیادی حقوق کے برعکس ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیب قانون میں کی گئی ان تمام ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔