مزید خبریں

تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑا غرق کردیا گیا،نوازشریف

لندن (آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے تباہ حال پاکستان ہمیں دیا ہے‘ تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کر دیا‘ان شاء اللہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے لندن میں ان سے ملاقات کی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہمیں جب بھی اقتدار ملا ہے ملک بحران کا شکار ہوتا ہے‘ 2013ء میں ملک دہشت گردی کا شکار تھا اور بجلی کا بحران شدید تھا لیکن ہم نے بہترین حکمت عملی کے تحت دونوں بحرانوں سے قوم کو نجات دلائی‘ عمران نیازی نے تباہ حال پاکستان ہمیں دیا‘ تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے ‘ تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشکل ترین
فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا‘ ملک کو اتحادیوں سے مل کر مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پوری امید ہے کہ ہم اس بحران پر قابو پالیں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکالیف کا احساس ہے‘ پیٹرول اور بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہیں‘اس وقت غریب عوام مشکل ترین حالا ت سے گزر رہے ہیں ‘ہم نے مشکل فیصلے کر لیے ہیں‘اللہ سے پوری امید ہے ملک معاشی بحران سے نکل آئے گا اور غریب عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کریں گے۔