مزید خبریں

یوٹیلیٹی بل چارجز کے الیکٹرک کے ذریعے وصول کرنے کا فیصلہ

کراچی (رپورٹ محمد انور) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سالانہ آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے یوٹیلیٹی بل چارجز کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس ضمن میں بلدیہ عظمی کی کونسل نے قرارداد کی منظوری بھی دے دی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق منظور کردہ قرارداد کے تحت اس فیصلے پر عمل درآمد ماہ جولائی سے شروع کر دیا جائے گا اور تمام میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکسز کے الیکٹرک کے بلوں میں شامل کرکے صارفین کو ارسال کیے جائیں گے جس سے کے ایم سی کی آمدنی میں سالانہ کم ازکم ساڑھے تین ارب روپے آمدنی میں اضافہ ہو جائے گا جو ماہانہ 25 تا 27 کروڑ روپے کے مساوی ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں کے الیکٹرک اور کے ایم سی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ بھی ہو چکا ہے۔ معاہدے کے تحت کے ایم سی اسٹریٹ لائٹنگ، نکاسی آب، کنزروینسی ٹیکس اور واٹر سپلائی کے کاموں پر عمل درآمد اور ان کی دیکھ بھال کے لیے یہ چارجز استعمال کرے گی۔ اس آمدنی کو مفاد عامہ کے کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا جن میں انڈر پاسس، سڑکوں، اوور ہیڈ بریج اور برساتی پانی کے نکاسی کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ یہ رقم پارکوں کی تعمیر اور ان کی دیکھ بھال اور انہیں پانی فراہم کرنے کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی و صوبائی مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے قرارداد پر دستخط کر دیے ہیں۔ جس کے مطابق 40 تا 80 مربع گز کے مکان یا فلیٹ پر 70 روپے ماہانہ، 81 تا 120 مربع گز جس کے مکان پر 150 روپے ماہانہ, 121 تا 240 مربع گز کے مکان پر 200روپے, 241 تا 500 مربع گز, 501 تا 1000 گز کے مکان پر 500 روپے اور 1000 اس سے زائد کے مکانات سے 800 روپے یوٹیلیٹی چارجز وصول کیے جائیں گے جبکہ کہ ہر سطح پر اضافی منازل میں قائم رہائشی یونٹ پر الگ چارجز وصول کیے جائیں گے جبکہ یہ چارجز صنعتی و تجارتی قطعات پر درج ذیل ہوںگے 200 مربع گز پر 500 روپے , 201 تا 500 مربع گز پر 1000 ہزار روپے، 1001 تا 2000 مربع گز پر 2000 ہزار روپے, 2001 تا 3000 مربع گز پر 2500 روپے, 3001 تا 5000 مربع گز پر 3 ہزار روپے, 5001 تا 10000 مربع گز پر 4 ہزار روپے اور 10 ہزار مربع گز کے زائد پلاٹ پر 5 ہزار روپے یوٹیلیٹی چارجز وصول کیے جائیں گے۔ جبکہ 1 ہزار مربع گز کے رفاعی پلاٹس پر 500 روپے اور 1 ہزار تا 5 ہزار مربع گز کے پلاٹوں پر 1 ہزار روپے ماہانہ یوٹیلیٹی چارجز وصول کیے جائیں گے۔
یوٹیلیٹی بل