مزید خبریں

حکمرانوں کی ناکامیاں مسلسل بحران پیدا کر رہی ہیں، علی گورایہ

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) کسان بورڈ کے ضلعی صدر وپی پی97میں جماعت اسلامی کے نامزدامیدوار چوہدری علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ پی پی 97 اور گردنواح کے مسائل کا واحد جماعت اسلامی ہے ، پی پی97کے عوام ووٹ دیں علاقہ کوترقی یافتہ بناکر پاکستان میں جھمرہ کو قابل ستائش بنائیں گے۔ چوروں، ڈاکوئوں، بدمعاشوں، لیٹروں سے نجات کے لیے عوام 17جولائی کو ترازو پر مہر لگائیں، کسانوں کے دیرینہ مسائل اوران سے نجات کے لیے کسان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنرز میٹنگز اورلوگوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ انسانی اندرونی اور بیرونی عذابوں کی وجہ سے انارکی، سیاسی خلا کا شکار ہوتے ہیں۔ نااہل، بدکردار، عیاش حکمران ریاست اور عوام پر مسلط ہونے کے بعد معاشرے کے چھٹے ہوئے بے کار، ناکارہ، بدمعاش لوگوں کو سماج پر مسلط کر دیتے ہیں۔ آئین، جمہوریت، انسانی بنیادی حقوق، قانون و انصاف کی بالادستی تقاریر اور بیانیوں میں ہی ملتے ہیں۔ پاکستان اسلامی نظریاتی ملک ہے، اسلامی فلاحی اور مثالی ریاست بنانے کے لیے آزادی حاصل کی گئی، لیکن عملاً ملک پر نااہل، نالائق، چرب زبانی، فساد پسند حاکموں کا راج چل رہا ہے، جو کمال مہارت سے اپنے پیروکاروں میں بے جانے بوجھے ہرزہ سرائی کا زہر بھر دیتے ہیںاور انسانی شدت، انتہا پسندی، تعصبات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پاکستانی سیاست اور سماج کی ضرورت ہے کہ نوجوان بیدار ہوں، منظم ہوں اور آزادی، آئین و قانون اور قرآن و سنت کی بالادستی کے پیکر بنیں۔ موجودہ اورسابق حکومت کی سرپرستی میں عوام پر مہنگائی، بے روزگاری، افراط زر، پیداواری لاگت اور یوٹیلیٹی بلز میں ہوش ربا اضافہ، ڈالر کی قدر میں چڑھائو اور بے قابو بدترین لوڈشیڈنگ نے غریب اور سفید پوش طبقہ کو تباہ کر دیا ہے۔ عمران خان کے اپنے 4 سالہ دور اقتدار کے دعوے اعلانات حقائق کے خلاف ہیں۔ انہوں نے ریاست مدینہ نظام سے منہ موڑ کر اپنی منزل کھوٹی کر لی۔ ماضی کا بیانیہ ناکام ہونے کے بعد زبردستی نیا بیانیہ عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ بدترین معاہدے کیے، قرضوں، سود، کرپشن، رشوت میں مسلسل اضافہ ہوا، 50 لاکھ گھر ایک کروڑ نوکریاں بس دعوے اور خواب ہی رہے، کرپشن کے خاتمہ، کرپٹ مافیا کو سزا دینے کے بجائے تحفظ دیا، سیاست اور معاشرت میں بدتہذیبی، بداخلاقی، غرور تکبر، انتقام بھر دیا ہے۔ حقائق تو یہ ہیں کہ عوام دربدر ہیں اور اسٹیٹس کو، اسٹیبلشمنٹ، بیرونی مداخلت زیادہ طاقت ور ہو گئی ہے، حکمرانوں کی ناکامیاں بحران در بحران پیدا کر رہی ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت اور اللہ کی تائید سے بحران ختم کرے گی۔