مزید خبریں

نواب شاہ: بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے، انتظامات مکمل

 

نواب شاہ (نمائندہ جسارت)ضلع میں بلدیاتی انتخابات آج ہوں گے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں کیونکہ یہ ایک قومی کاز ہے جس کو ایمانداری سے سرانجام دینا ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہید بینظیرآباد کیپٹن (ر) امیر سعود مگسی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے پولیس کی جانب سے تمام سیکورٹی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، ضلع میں 682 پولنگ اسٹیشنز میں 441 نارمل، 81 انتہائی حساس اور 160 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے جن پر سی سی ٹی کیمرہ نصب کرنے کے علاوہ سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران ضلع میں 3 ہزار 58 پولیس اہلکار اوافسران اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیرآباد پرویز احمد کلوڑ نے بتایا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں کل 682 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 168 مرد، 168 خواتین اور 346 مشترک پولنگ اسٹیشن شامل ہیں،پولنگ اسٹیشنز میں 2436 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 1247 مرد، 1189 خواتین کے لیے شامل ہیں الیکشن کے دوران کل 9 لاکھ 18 ہزار 128 ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے جن میں 5 لاکھ 278 مرد اور 4 لاکھ 17 ہزار 850 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔