مزید خبریں

شر پسند پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جماعت لواری شریف گروپ

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت لواری شریف گروپ اے کے مریدوں اور عقیدت مندوں نے پیر آف لواری شریف کی سالگرہ کے موقع پر چند شر پسندوں کی جانب سے شرکاء پر حملہ اور شرکاء کو زخمی کرنے کے عمل کو امن کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت لواری شریف گروپ اے کے اراکین فضل اللہ جونیجو عقیل جونیجو حاجی عبدالستار ابڑو عبدالحمید جونیجو عبدالرحمان حبیب اللہ اور دیگر نے بدین پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند شر پسند لواری شریف کے پرامن ماحول کو خراب اور فساد برپا کرکے درگاہ لواری شریف کو بند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں کہا ہر سال کی طرح اس سال بھی 20 جون کو جماعت لواری شریف پیر صاحب کے اوطاق پر پیر صاحب کی سالگرہ منائی جا رہی تھی کہ چند شر پسندوں نے تقریب کے شرکاء پر پتھروں، لوہے کے سریوں، کلہاڑیوں سے حملہ کر کے 17 سے زائد عقیدت مندوں کو شدید زخمی کر دیا جنہیں فوری انڈس اسپتال بدین اور شدید زخمیوں کو حیدرآباد اسپتال منتقل کیا گیا۔ جماعت لواری شریف کے اراکین نے گوپانگ برادری کے چند افراد پر شر پسندی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا یہ سازشی لوگ اب سیاسی جماعت کو استعمال کرتے ہوئے ہمارے خلاف مظاہرہ کرنے کے علاوہ بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے فسادی سازشی عناصر کو اپنی پارٹی کا پلیٹ فورم استعمال نہ کرنے دیں اور واقع کی پارٹی سطح پر انکوائری کرائی جائے تاکہ اصل حقیقت سب کے سامنے آجائے. انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ سالگرہ کی پرامن تقریب پر حملہ کر کے شرکاء کو زخمی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے لواری شریف کی پرامن عوام کو شرپسندی سے محفوظ اور تحفظ فراہم کیا جائے۔