مزید خبریں

تاریخی انعامی رقم کے ساتھ ومبلڈن اوپن کا آغاز کل سے ہوگا

کراچی(سید وزیر علی قادری) تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 135 واں ایڈیشن کل سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن میں آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا 134واں ایڈیشن 2020میں کھیلا جانا تھا لیکن کووڈ-19کی وجہ سے اس کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ میگا ایونٹ میں اے ٹی پی کا 135جبکہ ڈبلیو ٹی اے کا 128 واں ایڈیشن ہو گا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلوی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ایشلی بارٹی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں نیکولا مکٹک اور میٹ پاویک پر مشتمل کروشین جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں بیلجیم کی ایلیس مرٹینز اور ان کی تائیوان کی جوڑی دار ہیش سو وائی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔ تیسرا میگا ایونٹ 14دن جاری رہنے کے بعد 11جولائی اختتام پذیر ہوگا۔ میگا ایونٹ کی انتظامیہ نے ومبلڈن کے کھلاڑیوں کے لئے انعامی رقم میں ریکارڈ میں اضافہ کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق انعامی رقم کو بڑھا کر 40.3 ملین پائونڈ کر دی گئی جو گزشتہ سال کے ومبلڈن اوپن سے 11.1فیصد زیادہ ہوگی۔گزشتہ 3سال کے بعد پہلی مرتبہ گنجائش کے مطابق شائقین ٹینس کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی۔سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور ومبلڈن اوپن کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک پائولش ٹینس اسٹار آئیگا سویٹیک میگا ایونٹ کے لیے ٹاپ سیڈڈ قرار پائے ہیں۔ ومبلڈن اوپن ٹینس چیمپئن شپ کی طرف سے جاری کردہ سیڈنگ کھلاڑیوں کی فہرست کے مطابق روسی اور بیلاروسی کھلاڑی یوکرین پر جاری حملے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹینس کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان روس کے ٹینس اسٹار ڈینیل مدویدیف ومبلڈن اوپن میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ جرمنی کے عالمی نمبر دو الیگزینڈر زیویریف بھی ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں۔ومبلڈن کے اے ٹی پی مقابلوں میں سربیا کے عالمی نمبر3 اور ومبلڈن کے دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ سیڈنگ کی سربراہی کریں گے۔ ہسپانوی شہرت یافتہ ٹینس ا سٹار رافیل نڈال سیکنڈ سیڈ ہوں گے ۔ ناروے کے کیسپر رڈ تھرڈ ، یونان کے سٹیفانوس فورتھ اور ا سپین کے کارلوس الکاراز ففتھ سیڈڈ قرار پائے ہیں۔ خواتین کے سنگل مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں ومبلڈن کی دفاعی چیمپئن آسٹریلوی کی ٹینس اسٹار ایشلی بارٹی نے گزشتہ جولائی میں ٹائٹل جیتنے کے بعد ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔