مزید خبریں

ناروے ، کلب میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک ، 14زخمی

اوسلو (انٹرنیشنل ڈیسک) ناروے میں فائرنگ کے واقعے میں 2افراد ہلاک اور 14زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور ایک ایرانی شہری ہے جو پہلے بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔ ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے نائٹ کلب کے باہر کی جانے والی فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حملہ آور نے نائٹ کلب کے باہر فائرنگ کرنے کے بعد دیگر 2مقامات پر بھی لوگوں کو گولیوں سے نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 42 سالہ حملہ آور کے پاس سے ہینڈ گن اور ایک آٹومیٹک گن برآمد ہوئی ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق مشتبہ شخص پہلے سے پولیس کی نظروں میں تھا تاہم اس کے سابقہ جرائم کی نوعیت زیادہ سنگین نہیں تھی۔ وہ ایک مرتبہ غیر قانونی طور پر اپنے پاس چاقو رکھنے ،جب کہ ایک بار منشیات کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم نے پولیس کو کوئی بیان نہیں دیا اور وہ اپنے قانونی مشیر کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ادھر پولیس نے بھی حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔پولیس کا کہنا تھا کہ 14 افراد کو اسپتال لے کر جایا گیا ہے جن میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب ناروے کے بادشاہ ہارالڈ پنجم نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ شاہی خاندان متاثرین کا درد سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی، تنوع اور باہمی احترام پر مبنی اقتدار کے تحفظ کے لیے ہم سب کو مل کر کھڑا ہونا پڑے گا۔