مزید خبریں

بارشوں کی پیشن گوئی کے باوجود اقدامات نظر نہیں آ رہے،انجمن غوثیہ رضویہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر))انجمن غوثیہ رضویہ کے چیف آرگنائزر محمد احسان رحمانی،انجمن نوجوانان اسلام حیدرآباد ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رضوان علی راجپوت اورقومی امن کمیٹی سندھ کے ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری سید عادل حسین شاہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کی پیشنگوئی کردی ہے اور ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن حیدرآباد شہر میں نالوں کی صفائی ستھرائی کے کام اور بارشوں کے بعد کے نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات ابتک نظر نہیں آرہے ہیں، لہٰذا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اورایم ڈی واساسے اپیل کرتے ہیں کہ شہر بھر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں کو اٹھا کر بند ہونے والی گٹر لائنوں، نالے اور نالیوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ٹنڈو یوسف قبرستان والے روڈ پر مین نالہ عرصہ دراز سے بند ہے اس کی وجہ سے اقلیتی قبرستان اور مسلم قبرستان میں آئے دن پانی جمع ہوتا ہے یو سیز میں خاکروب نظر نہیں آتے جس کی وجہ سے نالیاں، گٹر لائن اورشہر کے بڑے بڑے نالے کچروں سے بھرے ہوئے ہیں۔رہنماؤں نے کہا کہ دونوں محکمے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے ایسے میں حیدرآباد شہر تباہی کا منظر پیش کرے گا جس کے بعد حیدرآباد کے اعلیٰ افسران حکومت سندھ سے پانی کی نکاسی کے لیے لاکھوں روپے فنڈز وصول کریں گے۔ لہذا ہم وزیراعلی سندھ اور وزیر بلدیات سے اپیل کرتے ہیں کہ حیدرآباد شہر میں واسا اور بلدیہ افسران کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے اور تمام یوسی سطح پر صفائی ستھرائی کے کاموں کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارشوں میں شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔