مزید خبریں

حیدرآباد: شدید گرمی اور بجلی کی طویل بندش سے شہری بلبلا اٹھے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآبادمیں شدیدگرمی وحبس اور حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے، حیدرآبادمیں جہاں سورج آگ برسا رہا ہے وہی حیسکو کی نااہلی کے باعث شہری سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ لطیف آباد‘ سٹی کے کئی علاقوں میں لوگ رات جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں لطیف آباد نمبر5میں جمعہ کو پوری رات جبکہ ہفتے کی دوپہر تک بجلی کی سپلائی معطل رہی یونٹ نمبر7کے کئی علاقوں میں صبح سے دوپہر تک غیر اعلانیہ اور معمول کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے اسی طرح لطیف آباد کے بیشتر علاقوں میں 8سے 10 گھنٹے معمول کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ لیاقت کالونی 36کے علاقے میں بجلی کا بحران بدستور موجودہے جبکہ امید علی سب ڈویژن میں رات کے اوقات میں شکایت درج کرنے والے دفتر میں موجود نہیں ہوتے اس صورتحال سے شہری سخت اذیت کا شکار ہیں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 15 سے 16 گھنٹے بجلی بند ہونے کے باوجود بجلی کے بلوں میں یونٹ کی تعداد کم نہیں ہورہی، حیسکو عملہ بجلی چوری کرواکر بل ادا کرنے والوں سے حساب پورا کررہا ہے جبکہ بجلی چوروں سے وصولی الگ کی جارہی ہے جس سے حیسکو کو نقصان پہنچایاجارہاہے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔