مزید خبریں

عمران خان کا ملک گیر احتجاجی جلسوں کا اعلان

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وفاقی حکومت کی طرف سے سپر ٹیکس عاید کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ2 جولائی کو پریڈ گرائونڈ اسلام آبادمیں پر امن جلسہ کریں گے‘ تمام بڑے شہروں کے کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ وہاں اگلے ہفتے کی رات کو جلسوں کا اہتمام کریں‘ سپر ٹیکس سے مزید مہنگائی بڑھے گی‘ متعدد صنعتیں بند ہونا شروع ہو گئی ہیں‘ ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا گیا ہے۔ بنی گالہ میں نیوز کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ سپرٹیکس کی وجہ کارپوریٹ سیکٹر پر40 فیصد ٹیکس ہو جائے گا جو اس وقت بنگلادیش اور بھارت میں25 فیصد ہے‘ سپر ٹیکس کی وجہ سے ہر چیز مہنگی ہو جائے گی‘ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے میں حکومت رکے گی نہیں کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر50روپے فی لیٹر قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا‘ ہماری حکومت نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا تھا‘ ہماری حکومت نے جو لوگ ٹیکس دے رہے تھے ان پر بوجھ نہیں ڈالا‘ 4کروڑ30لاکھ گھرانے جو ٹیکس نہیں دے رہے تھے ان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا تھا‘ موجودہ حکومت نے مشکل کا شکار تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے‘ پہلے کبھی نہیں سنا تھا عارضی بجٹ بھی ہوتا ہے‘ بجٹ سے پہلے ہی پیٹرول، ڈیزل، بجلی کی قیمتیں بڑھادی گئی تھیں، انہوں نے عام آدمی کا معاشی قتل کردیا ہے‘ روپے کی قدر تیزی سے گر رہی ہے‘ عدم اعتماد کے بعد آج ڈالر212کے قریب پہنچ چکا ہے‘ روپیہ، اسٹاک مارکیٹ گرگئی اور ریکارڈ مہنگائی ہوئی‘ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے دوران ہماری حکومت نے سب سے زیادہ روزگاردیا۔ عمران خان نے کہا کہ نیب ترامیم کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا ہے‘ ہمیں عدلیہ پر پورا اعتماد ہے‘ وہ ظلم نہیں ہونے دے گی‘ اگر یہ کامیاب ہو گئے تو پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں ہوگی‘ نیب ترامیم میں انہوں نے بڑے ڈاکوئوں کو چھوٹ دیدی ہے ‘ انہوں نے اپنی چوری بچانے کے لیے انصاف اور احتساب کے نظام کی قبر کھود دی ہے۔ عمران خان نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی 16 ارب کی چوری پکڑی گئی ہے‘ انہی پیسوں کے ذریعے خریدے گئے مے فیئرفلیٹس میں نوازشریف رہتا ہے۔